” بھارت: موٹیویشنل اسپیکر کا نئی نویلی دلہن پر تشدد، مقدمہ درج ” | Dunya News Online
”
نئی دہلی: بھارت کے مشہور موٹیویشنل اسپیکر وویک بندرا کے خلاف اپنی نئی نویلی دلہن کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کے مشہور موٹیویشنل اسپیکر اور سوشل میڈیا انفلوینسر وویک بندرا کے خلاف ان کے سالے ویبھوگواترا نے مقدمہ درج کرایا۔ جس نے الزام عائد کیا کہ ان کی بہن کو بہنوئی کی جانب سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
تشدد کا واقعہ بھارت کے علاقے نوئیڈا کے سیکٹر 94 میں واقع سپرنووا ویسٹ ریزیڈنسی میں پیش آیا جہاں وویک بندرا اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔
درج کیے گئے مقدمے کی تفصیلات کے مطابق موٹیویشنل اسپیکر وویک بندرا اور یانیکا کی شادی 6 دسمبر کو ہوئی تھی تاہم شادی کے چند گھنٹے بعد ہی وویک بندرا نے مبینہ طور پر یانیکا کو کمرے میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے بال نوچے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی وڈ اسٹار ارباز خان 24 دسمبر کو شورہ خان سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے
ایف آئی آر میں دعویٰ کیا گیا کہ تشدد کی وجہ سے یانیکا کے جسم پر مبینہ طور پر گہرے زخم آئے ہیں اور وہ ٹھیک سے سن نہیں پا رہیں۔ وویک بندرا پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے مبینہ طور پر اُس کا فون بھی توڑ دیا۔
یاد رہے کہ وویک بندرا اپنی کمپنی “بڑا بزنس پرائیویٹ لمیٹڈ” (بی بی پی ایل) کے سی ای او ہیں اس کے علاوہ ان کے یوٹیوب اور انسٹاگرام پر لاکھوں فالورز بھی ہیں۔
”